Live Updates

پاکستان: بارشوں اور سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد 650 سے متجاوز

DW ڈی ڈبلیو پیر 18 اگست 2025 14:00

پاکستان: بارشوں اور سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد 650 سے متجاوز

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 18 اگست 2025ء) خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب میں تین سو سے زائد ہلاکتیں، این ٰڈی ایم اے


پاکستان: بارشوں اور سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد 650 سے متجاوز

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق رواں برس مون سون بارشوں اور سیلاب سے اب تک ملک بھر میں 657 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔


این ڈی ایم کے مطابق ملک کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا اورشمالی اضلاع میں حالیہ دنوں کی شدید بارشوں اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس اتھارٹی کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان ضلع بونیر میں ہوا ہے، جہاں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں گھروں، عمارتوں، گاڑیوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ مٹی اور پتھروں کے تودے گرنے سے سڑکیں بھی تباہ ہو گئیں۔

بونیر میں بارش کے باعث جمعے کی صبح محض ایک گھنٹے میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جسے ماہرین نے ’کلاؤڈ برسٹ‘ کا نتیجہ قرار دیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش کے باعث پیر کے روز کئی گھنٹے تک امدادی کارروائیاں روکنا پڑیں تاہم بعد ازاں انہیں دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ سرکاری اہلکار عابد وزیر کے مطابق سڑکوں کی بحالی، عارضی پلوں کی تعمیر اور متاثرہ لوگوں تک امداد پہنچانا سب سے بڑی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات، کمبل، خیمے، جنریٹر اور پانی نکالنے والی مشینیں بھیجی گئی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پاکستان میں مزید بھاری بارشوں کا سلسلہ اگلے ماہ کے اوائل تک جاری رہ سکتا ہے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات