دلیپ ٹرافی، ایشان کشن افتتاحی میچ سے باہر، آکاش دیپ کو آرام کا مشورہ

پیر 18 اگست 2025 17:02

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں مشرقی زون کے وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن دلیپ ٹرافی مہم کے افتتاحی میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ انگلینڈ میں ناٹنگھم شائر کے ساتھ کھیلتے ہوئے ایک معمولی چوٹ کا شکار ہوگئے تھے جس سے وہ اب بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے۔ ان کی جگہ اوڈیشہ کے آشیرواد سوآن کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ایشان کشن کو ای بائیک سے گرنے کے بعد متعدد ٹانکے لگے، جس کے سبب انہیں انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں زخمی ریشبھ پنت کی جگہ لینے کے لیے بھی زیر غور نہیں لایا گیا۔ ان کی عدم موجودگی میں تمل ناڈو کے این جگدیشن کو دھروو جوریل کا بیک اپ وکٹ کیپر منتخب کیا گیا۔بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ایشان کشن کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں، تاہم احتیاطاً انہیں آرام دیا جا رہا ہے، کیونکہ آئندہ ماہ آسٹریلیا اے کے خلاف مجوزہ چار روزہ سیریز میں وہ بھارت اے کے سکواڈ میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فی الحال وہ بنگلورو میں بی سی سی آئی کے سنٹر آف ایکسی لینس میں بحالی اور فٹنس ٹیسٹ سے گزریں گے۔ایشان کشن کی عدم موجودگی میں جھارکھنڈ کے کمار کوشاگرہ کو وکٹ کیپنگ کے لیے اولین انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔دوسری جانب، فاسٹ بائولر ز آکاش دیپ کو بھی آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، جس سے مشرقی زون کو مزید دھچکا لگا ہے۔ دلیپ ٹرافی کے ابتدائی میچوں میں ٹیم کو نئے متبادل کے ساتھ میدان میں اترنا پڑے گا۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق آکاش دیپ کو آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، حالانکہ ان کی انجری کی نوعیت یا کسی تکلیف کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ فیصلہ ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کےبعد کیا گیا ہے آکاش دیپ حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا حصہ تھے، جہاں وہ مانچسٹر ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کے باعث نہیں کھیل سکے تھے۔ تاہم انہوں نے فیصلہ کن اوول ٹیسٹ میں واپسی کی اور دوسری اننگز میں نائٹ واچ مین کے طور پر آ کر ٹیم کے لئے پہلی نصف سنچری بھی سکور کی تھی ۔

انہوں نے سیریز میں تین ٹیسٹ کھیل کر 13 وکٹیں حاصل کیں، جن میں برمنگھم میں بھارت کی سیریز برابر کرنے والی فتح میں 10 وکٹوں کی شاندار کارکردگی شامل تھی۔ان کی غیر موجودگی میں آسام کے مختار حسین کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ابھیمنیو ایشورَن کی قیادت میں مشرقی زون 28 اگست سے شبھمن گل کی قیادت والی شمالی زون کے خلاف کوارٹر فائنل میں مہم کا آغاز کرے گا۔ تمام مقابلے بنگلورو کے مضافات میں واقع بی سی سی آئی کے سنٹر آف ایکسی لینس میں کھیلے جائیں گے۔