وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا اچانک دورہ

پیر 18 اگست 2025 17:05

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا اچانک دورہ کیا اور شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات کے اجرا اور پاسپورٹ کے حصول کے عمل کا جائزہ لیا۔دورہ کے دوران نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک تزئین و آرائش کی وجہ سے بند پایا گیا،جہاں دو موبائل وین تو موجود تھیں مگر انٹرنیٹ ڈاون ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔

شہریوں نے طویل قطاروں اور ہیلپ لائن پر مناسب رہنمائی نہ ملنے کی شکایات بھی کیں۔وزیر داخلہ نے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے آئے شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے ہدایات دیں۔انہوں نے انٹرنیٹ کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے اور سنٹر کو جلد از جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ جب ہر سنٹر پر شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت موجود ہے تو شہریوں کو دوسرے سنٹر جانے کا کہنا ناقابل قبول ہے۔

بعد ازاں وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا بھی معائنہ کیا،جہاں شہریوں نے پاسپورٹ کی ڈلیوری میں تاخیر پر شکایات کیں۔محسن نقوی نے فائلوں اور کاغذات کا ڈھیر دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ تمام ریکارڈ کو فوری طور پر آن لائن کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی ڈلیوری مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو ایک سنٹر سے دوسرے سنٹر کے چکر نہ لگوائے جائیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ ایسے بچوں کیلئے نئی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے جن کے والدین بیرون ملک مقیم ہیں تاکہ ان کے پاسپورٹ کے اجرا میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔