ڈاکٹر مصدق ملک سے جی جی جی آئی کی کنٹری ریپرزینٹیٹو کی ملاقات، سبز ترقی پر تعاون پر زور

پیر 18 اگست 2025 17:21

ڈاکٹر مصدق ملک سے جی جی جی آئی کی کنٹری ریپرزینٹیٹو کی ملاقات، سبز ترقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے گلوبل گرین گروتھ انیشی ایٹو (جی جی جی آئی ) کی کنٹری ریپرزینٹیٹو لورا یالاسوکی سے ملاقات کی۔ پیر کو وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سے جاری تفصیلات کے مطابق لورا یالاسوکی نے وفاقی وزیر کو ادارے کے مشن اور مقاصد سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جی جی جی آئی اس وقت 51 رکن ممالک پر مشتمل ہے اور جامع سبز ترقی کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہا ہے، ادارہ رکن ممالک کو پائیدار، کم کاربن اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط معیشتوں کی طرف منتقلی میں مدد فراہم کرتا ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ سبز ترقی پر مبنی شراکت داریاں طویل مدتی پائیداری اور قابلِ پیمائش اثرات پر مرکوز ہونی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح ایسی حکمتِ عملیوں کی تشکیل ہے جو بیک وقت تخفیف اور موافقت کے اہداف بالخصوص زراعت جیسے موسمیاتی طور پر حساس شعبوں کو آگے بڑھائیں ۔فریقین نے کاربن مارکیٹس کو پائیدار ترقی کے لئے مالی معاونت کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے اس ضمن میں ’’ویایبلٹی گیپ مکینزم‘‘ کی تیاری کے لئے معاونت کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور اس حوالے سے جی جی جی آئی کی تکنیکی معاونت کو خوش آئند قرار دیا۔

گفتگو کے دوران پاکستان میں تخفیف اور موافقت کی صلاحیت کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات خصوصاً زراعت اور قدرتی وسائل پر مبنی حل پر بھی بات چیت ہوئی ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جی جی جی آئی جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سبز اور لچکدار معیشت کی طرف تیزی سے پیشرفت جاری رکھے گا۔