اوجی ڈی سی ایل کی بڑی کامیابی : جھل مگسی میں گیس کا اہم منصوبہ مکمل ، یومیہ 14 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار شروع

پیر 18 اگست 2025 18:32

اوجی ڈی سی ایل کی بڑی کامیابی : جھل مگسی میں گیس کا اہم منصوبہ مکمل ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں گیس کی تلاش اور پیداوار کے ایک بڑے منصوبے جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا گیا اور اب اس سے یومیہ 14 ملین مکعب فٹ گیس اور 45 بیرل کنڈنسیٹ حاصل کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق جھل مگسی سے حاصل ہونے والی گیس کو کامیابی کے ساتھ سدرن گیس کمپنی (SSGC) کی مین پائپ لائن میں شامل کر دیا گیا ہے، جس سے قومی سطح پر توانائی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔او جی ڈی سی ایل نے اس منصوبے کا آغاز فروری 2024 میں وفاقی حکومت کے مراعاتی پیکج کی منظوری کے بعد کیا تھا۔

(جاری ہے)

منصوبے میں او جی ڈی سی ایل بطور آپریٹر 56 فیصد، پاکستان آئل فیلڈز (POL) 24 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (GHPL) 20 فیصد کی شراکت دار ہیں۔

توانائی کے شعبے میں اس اہم کامیابی کے ساتھ ساتھ او جی ڈی سی ایل نے اپنی سماجی ذمہ داریوں (CSR) کے تحت جھل مگسی میں مقامی آبادی کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کیے ہیں۔ ان میں اسکولز، ہیلتھ کیئر مراکز، 84 ماڈل مکانات، دو آر او واٹر پلانٹس، متعدد واٹر ٹینکس، ایمبولینسز، فری آئی کیمپس، اور 800 خاندانوں کو راشن بیگز کی فراہمی شامل ہے۔

کمپنی کی جانب سے مقامی نوجوانوں کے لیے اسکالرشپ پروگرامز، نیووٹیک کے ذریعے فنی تربیت کے مواقع اور دیگر فلاحی منصوبے بھی جاری ہیں، جو مقامی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ او جی ڈی سی ایل آئندہ بھی جھل مگسی اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو جاری رکھے گی، تاکہ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی زندگیوں میں بھی مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔