سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت سے قبل سندھ سے ارسال کا فیڈرل ممبر تعینات کرنے کا حکم دیدیا

پیر 18 اگست 2025 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت سے قبل سندھ سے ارسال کا فیڈرل ممبر تعینات کرنے کا حکم دیدیا، آئینی بینچ نے ارسا میں سندھ سے فیڈرل ممبر تعینات نہ کرنے اورعدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پرتوہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیںکہ اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وفاقی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ انعام اللہ اور سیکریٹری واٹر ریسورس ڈویژن علی مرتضی پر فرد جرم عائد کی جائیگی، احکامات کے باوجود پیش نہ ہوئے تو دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں۔

پیرکوسندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ارسا میں سندھ سے فیڈرل ممبر تعینات نہ کرنے پر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر وفاقی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ انعام اللہ اور سیکریٹری واٹر ریسورس علی مرتضی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے عملدرآمد نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ لوگ سندھ سے ارسا کا وفاقی ممبر کیوں نہیں کرتے۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ بتائیں اب تک کیوں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ کیا آپ لوگ فیڈریشن پر یقین رکھتے ہیں کیا آپ لوگ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جسٹس کے کے آغا نے استفسار کیا کہ آئین پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا جا رہا درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے سپریم کورٹ میں بھی اپیل دائر کی گئی تھی۔

لیکن عدالت نے وہ درخواست بھی نمٹا دی ہے۔ 2013 میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے درخواستگزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ سندھ کی جگہ کہاں سے ممبر تعینات کرتے ہیں۔ وکیل نے موقف دیا کہ انہوں نے پنجاب سے ارسا کا وفاقی رکن تعینات کیا ہے۔ عدالت نے ریمارلس دیئے کہ بتائیں آپ لوگ کیوں سندھ سے ارسا میں رکن تعینات نہیں کرتے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔

جسٹس عدنان الکریم میمن نے استفسار کیا کہ ارسال میں کتنے ممبر ہوتے ہیں فیضان میمن ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ کل 5 ہوتے ہیں ہر صوبے اور فیڈرل سے ایک ایک ممبر ارسا میں تعینات کیا جاتا ہے۔ 2017 میں عدالت نے درخواست پر فیصلہ سنایا تھا۔ 2017 سے لے کر اب تک عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔ ارسا میں سندھ سے فیڈرل ممبر تعینات نہیں کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وفاقی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ انعام اللہ اور سیکریٹری واٹر ریسورس ڈویژن علی مرتضی پر فرد جرم عائد کی جائیگی۔ احکامات کے باوجود پیش نہ ہوئے تو دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے آئندہ سماعت فریقین پیش ہوں۔ عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل سندھ سے ارسال کا فیڈرل ممبر تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔