پنشن اصلاحات کے خلاف اور ڈی آر اے الاؤنس نہ دینے کے خلاف ایپکا کی احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا

پیر 18 اگست 2025 18:00

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) پنشن اصلاحات کے خلاف اور ڈی آر اے الاؤنس نہ دینے کے خلاف ایپکا کی احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی جانب سے پینشن اصلاحات کے کالے قانون اور سندھ کے ملازمین کو ڈی آر اے الاؤنس نہ دینے کے خلاف دفاتر، اسکولوں اور کالجوں میں ملازمین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں جبکہ دفاتر میں سیاہ جھنڈے لہرائے گئے، ملازمین نے ایپکا رہنما عمران جکھرانی اور محمد ملوک بنگلانی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایپکارہنماؤں عمران جکھرانی اور ملوک بنگلانی نے کہا کہ سندھ کے ملازمین کے ساتھ مسلسل ناانصافی ہورہی ہے پینشن اصلاحات کے نام پر ملازمین کے مستقبل کو غیر محفوظ بنایا جارہا ہے جبکہ ڈی آر اے الاؤنس نہ دے کر معاشی مشکلات مزید بڑھا دی گئی ہیں رہنماؤں نے واضح کیا کہ حکومت اگر ملازمین کے مسائل فوری حل نہیں کرتی تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا اور تحریک کا دائرہ پورے صوبے میں وسیع کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ یہ ایپکا کی یہ تحریک ملازمین کے حقوق کی جنگ ہے اور مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔