ملکی تجارت میں سمندری تجارت کا حجم کم، حکومت بلیو ٹریڈ بڑھانے کیلئے سرگرم

پیر 18 اگست 2025 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)حکومت ملکی تجارت میں سمندری تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے سرگرم ہو گئی۔نیشنل شپنگ، میری ٹائم اور ٹرانس شپمنٹ پالیسی تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔ میڈیا رپورٹ میں دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سمندری تجارت کے لیے سال 22-2021بہترین رہا، اس سال سمندری تجارت 107ملین ٹن کے لگ بھگ رہی۔

گزشتہ مالی سال پاکستان کی سمندری تجارت 96.37ملین ٹن رہی، سال 23-2022میں سمندری تجارت تقریباً 83ملین ٹن تھی۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق اس وقت بلیو ٹریڈ میں شپنگ کارپوریشن کا حصہ محض 10فیصد ہے، سال 23-2022میں یہ حصہ 13.05فیصد تھا۔شپنگ کارپوریشن نے سال 25-2024میں کارپوریشن نے 90ارب روپے منافع کمایا، اگلے سال کے لیے قبل از ٹیکس منافع کا ہدف 100ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق کارگو ہینڈلنگ کا ہدف آئندہ برس کے لیے 104ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے، شپنگ کارپوریشن کے پاس اس وقت پانچ بڑے اور تین چھوٹے تیل بردار جہاز ہیں۔شپنگ کارپوریشن کے پاس دو پٹرول ٹینکرموجود ہیں، مجموعی کارگو گنجائش 3لاکھ 97ہزار ملین ٹن ہے، کارگو، ایندھن، پانی، عملہ اور سامان کے ساتھ ان جہازوں کی صلاحیت 7لاکھ 24ہزار ملین ٹن ہے۔