صوبائی وزیرفضل حکیم خان اور ایم این اے سلیم الرحمان کا سیلاب متاثرہ علاقے شہید آباد مینگورہ کا دورہ

پیر 18 اگست 2025 20:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) صوبائی وزیر لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان اور ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقے شہید آباد مینگورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ثناء اللہ اور دیگر سے ملاقات کی اور لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے پیش آیا تھا۔

جس میں ثناء اللہ کی اہلیہ اور تین بچے شہید ہوئے تھے ۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور ثناء اللہ اور دیگر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر چکے ہیں جہاں انہوں نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان اور دیگر قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ لواحقین کو امدادی چیکس فراہم کیے۔

دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ، متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا ، اس سلسلے میں فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید فنڈز اور وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔مینگورہ میں ندی نالوں اور راستوں سے ملبہ ہٹانے اور نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے دورہ سوات کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو ریلیف اور بحالی کے کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فضل حکیم خان نے یقین دلایا کہ سیلاب متاثرین کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ڈبلیو ایس ایس سی سوات اور دیگر محکمے ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

گلیوں کی صفائی، پانی کی نکاسی، ملبہ ہٹانے اورگلی، کوچوں اور راستوں کی بحالی جیسے اقدامات جاری ہیں۔لہذا عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی شکایت یا تعاون کے لیے ڈبلیو ایس ایس سی کے جانب سے مقرر کردہ انچارج سے فوری رابطہ کریں تاکہ کام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی محکمے کی جانب سے کوتاہی یا مسائل درپیش ہوں تو براہ راست ہم سے رابطہ کیا جائے انشا ء اللہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے زاہد آباد،طاہر آباد، مرغزار ٹاؤن، بنڑ مینگورہ اور دیگر علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف و بحالی کے سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔