فیصل واوڈا کی 10 فیصد سرکاری فنڈز مسلح گروہوں کو جانے کے فضل الرحمان کے بیان کی تائید

شاہ محمود قریشی کا چہرہ دیکھتے رہا کریں، وہ ہمارے دور حکومت میں وزیر خارجہ رہ چکے ہیں، میڈیا سے گفتگو

پیر 18 اگست 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)سینئر سیاستدان سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبر پختونخوا کے سرکاری فنڈز کا 10 فیصد مسلح گروہوں کو جانے کے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تائید کردی۔پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا چہرہ دیکھتے رہا کریں، وہ ہمارے دور حکومت میں وزیر خارجہ رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی سرکاری فنڈز سے 10 فیصد مسلح گروہوں کو جانے کے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تائید کرتا ہوں۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک صوبے کا معاملہ نہیں، جب تمام صوبوں کے فنڈز میں گھسیں گے تو بڑا بہت بڑا فنڈا نکلے گا۔انہوںنے کہاکہ کے پی کے اور پی ٹی آئی قیادت بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے میں کامیاب ہوگئی، یہ اپنے اقتدار کے مزے لوٹتے ہیں اور لوٹتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

فیصل واوڈا نے کہا کہ جو فیل صوبے ہوتے ہیں وہاں پر یہی تباہی ہوتی ہے، تحریک انصاف والے نعرہ لگاتے تھے، سارے چور ہیں، سارے بے ایمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ نشستوں پر جو نورا کشتی ہوئی ہے، وہ سب کے سامنے ہے، فیلڈ مارشل کی سربراہی میں پاک فوج ملک کو بچاتی رہے گی۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ملک میں آپریشن رکے گا نہیں تیز ہوگا، جو اس تسلسل کے بیچ میں آئے گا جتنا بڑا طرم خان ہوگا رگڑ دیا جائے گا۔