پنجاب میں آئندہ 24گھنٹوں میں دریائے راوی میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری

پیر 18 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 24گھنٹوں میں دریائے راوی میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق جسڑ کے مقام پر 55سے 60ہزار کیوسک پانی مسلسل دریائے راوی میں داخل ہو رہا ہے۔دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاو 26ہزار کیوسک ہے اورمزید اضافے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی سے ملحق اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ دریائے راوی کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلا کی بھی ہدایات کی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مساجد کے ذریعے اعلانات کر کے شہریوں کو الرٹ کیا جائے اور ریسکیو ادارے ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہیں۔ تر جمان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے جبکہ غیر معمولی صورتحال میں شہری بھی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ احتیاطی تدابیر سے نقصان سے بچا جا سکتا ہے، شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے بھی رہنمائی لے سکتے ہیں اورکسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129پر کال کریں۔