پاکستان ایک قومی ریاست اور تعلیمات نبوی ﷺ سیمینار آج(منگل)ہوگا

پیر 18 اگست 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) پاکستان ایک قومی ریاست اور تعلیمات نبوی ﷺ سیمینار آج(منگل) نیشنل سکلز یونیورسٹی ایچ-8 اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال مہمان خصوصی ہوں گے۔اس موقع پر رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اظہار خیال کریں گے،اس موقع پر کتاب ’’اسلام اور اقلیتیں: پاکستانی تناظر‘‘ کی تقریب رونمائی بھی ہوگی جس میں پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، ان کے تحفظ اور قومی یکجہتی کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اجاگر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں اہم شخصیات شریک ہوں گی۔رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم کے مطابق اس سیمینار کا مقصد پاکستان کو ایک ایسی قومی ریاست کے طور پر پیش کرنا ہے جہاں مساوات، برداشت اور رواداری بنیادی اصول ہوں اور اقلیتوں کے حقوق کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مزید تقویت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مقررین تعلیمات نبوی ﷺ اور بانیان پاکستان کے وژن کی روشنی میں اس موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔تقریب میں اساتذہ، طلبہ، دانشوروں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر نوجوان نسل کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان کی اصل بنیاد انصاف، مساوات اور مذہبی ہم آہنگی ہے اور اقلیتیں قومی یکجہتی کا لازمی جزو ہیں۔