جنوبی افریقا کے ڈیوالڈ بریویس نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریویس نے پے در پے ریکارڈز بنا کر اہم کارنامہ انجام دے دیا

منگل 19 اگست 2025 15:43

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقا کے نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریویس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تاہم نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریویس نے پے در پے ریکارڈز بنا کر اہم کارنامہ انجام دے دیا۔

آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں ڈیوالڈ بریویس نے 26 گیندوں پر 6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم انہوں نے اپنی نصف سنچری صرف 22 گیندوں پر مکمل کی اور اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریویس نے تینوں میچوں میں مجموعی طور پر 14 چھکے لگائے اور آسٹریلیا کے خلاف ان کی سرزمین میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 10 میچوں میں 12 چھکے لگائے تھے تاہم ڈیوالڈ بریویس نے صرف 3 میچوں میں یہ ویرات کا یہ ریکارڈ چکنا چور کردیا۔آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا کی ہی سرزمین پر ڈیوالڈ بریویس نے کم میچوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بنایا۔جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریویس نے اس سے قبل دوسرے ٹی 20 میں 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 125 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر اپنے کیریئر کے دوسرے ہی میچ میں سنچری جڑ دی تھی۔اپنے ڈیبیو میچ میں بریویس متاثرکن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے اور صرف دو رنز بنا پائے تھے تاہم دوسرے اور تیسرے میچ میں اپنے جارحانہ انداز سے مخالف ٹیم کو حیران کردیا۔