چیف سیکرٹری بحیثیت سیکرٹری داخلہ اہم اور حساس طبی مرکز شیخ زید ہسپتال سی ایم ایچ کے معاملات کا نوٹس لیں،ایپکا آزاد جموں وکشمیر

منگل 19 اگست 2025 16:23

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)ایپکا آزاد جموں وکشمیر نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحیثیت سیکرٹری داخلہ اہم اور حساس طبی مرکز شیخ زید ہسپتال سی ایم ایچ کے معاملات کا نوٹس لیں اور ادارہ میں بہتری اور اصلاحات کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر عوام اور ملازمین کی بے چینی کا ازالہ کریں۔

شیخ زید ہسپتال سی ایم ایچ کو مخصوص لابی نے یرغمال بنا رکھا ہے اور محض ذاتی عناد اور انا کی خاطر حساس ادارے اور اہم طبی مرکز کی عزت و وقار کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ شیخ زید ہسپتال سی ایم ایچ میں نہ صرف ملازمین ایک مخصوص لابی کے عتاب کا شکار ہیں بلکہ ریٹائر ملازمین بھی شدید اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں۔ سی ایم ایچ مظفرآباد کے معاملات قابل رحم اور قابل توجہ ہیں یہی وجہ ہے کہ ارباب اختیار سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اگر یہ اصلاح و احوال نہیں ہوتی تو پھر عوام کا رد عمل یقینی ہے۔

(جاری ہے)

ایپکا آزاد جموں و کشمیر کا مطالبہ سی ایم ایچ میں اصلاح و احوال ہے اور ایک لابی اسے دوسرا رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ایپکا آزاد جموں و کشمیر کے سپریم ہیڈ سید کرامت حسین سبزواری نے کہا کوئی بھی ادارہ ہو وہ قانون اور ضوابط کے مطابق چلتا ہے ملک کی 95 فیصد آبادی کو منتشر ہجوم قرار دینے والے کوئی خلائی مخلوق نہیں ہیں۔

ہمیں لب کشائی پر مجبور نہ کیا جائے۔ عام آبادی کو دوسری مخلوق سمجھنے کا رویہ ہی بنیادی خرابی ہے۔ ملک کے تمام ادارے عوام الناس کے ٹیکسز کے پیسے سے چل رہے ہیں۔ کوئی اپنے گھر سے بجٹ لا کر خرچ نہیں کرتا۔ عوام الناس کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ٹیکسز کا ذمہ داران سے حساب لیں۔ مملکت خداداد پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکسز دینے والا طبقہ سرکاری ملازمین ہیں اور ملازمین اپنے پیسے کا تصرف پوچھنے کاحق رکھتے ہیں۔

سپریم ہیڈ ایپکا آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ ملازمین تنظیمیں ریاست کے آئین و قانون کے تحت قائم ہیں۔ ملکی آئین میں ہر شخص کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے تنظیم سازی کاحق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سی ایم ایچ سے متعلق عوامی تحفظات کا نوٹس نہیں لیتے تو پھر عوام کا رد عمل بھی ہو گا۔

ایپکا آزاد جموں و کشمیر نے بھی یہی مطالبہ کیا ہے کہ موثر عوامی رد عمل سامنے آنے سے پہلے اصلاح و احوال یقینی بنائی جائے۔ اداروں کے اندر خرابی کی وجہ یہی ہے کہ جب ادارے کام نہیں کرتے تو عوامی رد عمل سامنے آتا ہے۔ جو لابی اہم اور حساس اداروں کی بدنامی اور عوامی رد عمل کا موجب بن رہی ہے اس کا نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سی ایم ایچ مظفرآباد سے متعلق عوامی تحفظات کا نہ صرف نوٹس لیں گے بلکہ مخصوص لابی کو لگام بھی دیں گے۔