سٹیٹ بینک نے بڑی مالیت کی ادائیگیوں کا انفراسٹرکچر مضبوط اور جدید بنانے کے لئے پرزم پلس کا افتتاح کر دیا

منگل 19 اگست 2025 19:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے بڑی مالیت کی ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو مضبوط اور جدید بنانے کے لئے پرزم پلس کا افتتاح کر دیا۔مرکزی بینک کے اعلامیہ کے مطابق ریئل ٹائم انٹربینک سیٹلمنٹ میکینزم پلس (پرزم پلس) ملک کے فنانشل مارکیٹ انفرااسٹرکچر کے لئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس میں منعقدہ تقریب میں گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے پرزم پلس کا افتتاح کیا۔ تقریب میں بینکوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز)، مائیکروفنانس اداروں، پیمنٹ سسٹم آپریٹرز، پیمنٹ سسٹم پرووائیڈرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پرزم پلس سٹیٹ بینک کے وژن 2028ء کے تحت ڈیجیٹل فنانشل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرزم پلس کے ساتھ پاکستان ان چند ممالک کی صف میں آگیا ہے جہاں ریٹیل اور بڑی ادائیگیوں کے لئے آئی ایس او 20022 عالمی میسجنگ سٹینڈرڈ اپنایا گیا ہے، پرزم پلس پہلے سے بہتر فعالیت،سٹرکچرڈ فنانشل میسجنگ ، موثر انٹرآپریبلٹی اور شفافیت کا حامل ہے۔گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ پرزم پلس کے جدید فیچرز میں رئیل ٹائم لیکویڈٹی مینجمنٹ ٹولز ، ٹرانزیکشنز کی قطار اور ترجیح سازی ، مستقبل کی تاریخ پر ادائیگی کی سہولت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرزم پلس نیلامیوں، ریپوز اور مانیٹری آپریشنز کے لئے سینٹرل سکیورٹیز ڈیپازیٹری کے ساتھ بلا رکاوٹ انضمام جیسی سہولت بھی فراہم کرتا ہے، پرزم پلس نے مالی سال 24ء میں 1043 کھرب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز پروسیس کیں جو پاکستان کے جی ڈی پی کا 10 گنا ہے۔جمیل احمد نے کہا کہ پرزم پلس کے ساتھ ہم اس نظام کی استعداد اور کارکردگی بڑھا رہے ہیں تاکہ مالی مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جاسکے، پاکستان میں ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، اس وقت پاکستان میں 22 کروڑ سے زائد بینک اور ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بینکنگ ایپس کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 2 کروڑ 80 لاکھ ہے، جو ڈیجیٹل فنانشل سروسز کی جانب منتقلی کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے، سٹیٹ بینک ادائیگی کے نظاموں کے تحفظ اور مضبوطی برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے ورلڈ بینک گروپ کی تکنیکی اور مالی معاونت کا اعتراف اور منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والے ماہرین اور سٹیٹ بینک کی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ پرزم پلس صرف 14 ماہ کی کوششوں کے بعد لائیو ہوا، یہ کامیابی اسٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں، کنسلٹنٹس، اور ٹیکنالوجی پارٹنرز کی ہم آہنگی سے ممکن ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پرزم پلس اسٹریٹجک اثاثہ ہے، جو پاکستان کے ادائیگی کے نظاموں کو مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔جمیل احمد نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک مالی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ڈجیٹل لحاظ سے بااختیار اور جامع معیشت کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے۔