پاکستان اور برطانیہ کے نائب وزراء اعظم کے درمیان ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

بدھ 20 اگست 2025 06:10

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)پاکستان کے نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو یہاں برطانیہ کی نائب وزیراعظم اینجلا رینر کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع البنیاد اور دیرینہ شراکت داری کا جائزہ لیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کی تجدید کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلیٰ سطحی رابطے کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا اور قریبی عوام سے عوام کے تعلقات اور متعدد شعبوں میں بڑھتی ہوئے باہمی تعاون کی بدولت تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے برطانیہ میں برطانوی پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ ایک جامع اور پیشرفت پر مبنی شراکت داری استوار کرنے کی پاکستان کی خواہش کو بھی واضح کیا۔ انہوں نے نائب وزیر اعظم اینجلا رینر کو باہمی طور پر مناسب وقت پر اسلام آباد کے دورے کی دعوت بھی دی۔