راشد منہاس نے جرأت اور پاکستان سے بے مثال محبت کی تاریخ رقم کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

بدھ 20 اگست 2025 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ راشد منہاس بہادری، بے خوفی اور حب الوطنی کی لازوال مثال ہیں،انہوں نے ناقابل فراموش قربانی دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔بدھ کو اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فضاؤں کے شاہین راشد منہاس نے جرأت اور پاکستان سے بے مثال محبت کی تاریخ رقم کی۔

غدار وطن نے طیارہ اغوا کرنے کی کوشش کی تو راشد منہاس نے جان کی پرواہ کیے بغیر سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کے جذبہ حب الوطنی کی روشنی آج بھی ہمارے دلوں کو منور کرتی ہے۔شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے دشمن کو واشگاف پیغام دیا کہ پاکستان کی فضائیں دشمن کی چالوں کا کبھی بھی شکار نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس عظیم قربانی نے ثابت کیا کہ اصل بہادری وہ ہے جو جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن کی عزت بچائے اور راشد منہاس اس کی زندہ مثال ہیں۔

حالیہ جنگ میں بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 6 جنگی طیارے گرا کر عبرتناک شکست دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بہترین حکمت عملی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے اپنی فضائی برتری برقرار رکھی جسے دنیا نے بھی تسلیم کیا۔ پاک فضائیہ کا ہر شاہین شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس جیسی غیر معمولی جرات اور بے مثال جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔ شہید آفیسر پائلٹ راشد منہاس کی طرح دفاع وطن کے لئے ہمہ وقت تیار اپنے نڈر اور جانثار شاہینوں پر فخر ہے۔ راشد منہاس کی قربانی ایک چراغ ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے جذبے کی کرن ہے۔\932