پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر فلڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا ،آئی ایس پی آر

بدھ 20 اگست 2025 10:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر فلڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے اندر غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے، پاک فضائیہ کے سی130 طیارے کے ذریعے 7 ٹن خشک راشن، روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش اور زندگی بچانے والی ادویات پی اے ایف بیس نور خان سے گلگت کے لیے روانہ کیں۔

بدھ کو آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق یہ کھیپ دور دراز کے سیلاب سے متاثرہ وادیوں میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر تقسیم کی جائے گی، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ مواصلاتی لائنوں کی خرابی کی وجہ سے رابطے سےکٹے ہوئے پریشان حال خاندانوں تک ضروری سامان پہنچ جائے۔

(جاری ہے)

انسانی ہمدردی کی کوششوں میں، 75 پھنسے ہوئے افراد کو بھی پی اے ایف کی امدادی ٹیم نے آفت زدہ علاقوں سے نکالا۔

یہ تیز رفتار اور مربوط کارروائی ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے، جو قدرتی آفات کے دوران جانوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے مسلسل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ آنے والے دنوں میں پی اے ایف کے طیارے اور زمینی ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں گی، خوراک، ادویات، پناہ گاہیں اور طبی امداد کمزور طبقوں تک پہنچائی جائے گی۔پاک فضائیہ کے بروقت اور پرعزم جواب نے گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے نئی امیدیں جگائی ہیں جس نے آزمائش کی ہر گھڑی میں قوم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے پاکستان کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔\932