سرینگر ،پانی کی شدید قلت کے خلاف لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ،قابض حکام کی بے حسی کی مذمت

بدھ 20 اگست 2025 12:02

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں سرینگر کے علاقے بٹہ مالو کے رہائشیوں نے پانی کی شدید قلت کے حوالے سے قابض حکام کی مجرمانہ بے حسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار کی درخواستوں کے باوجود انہیں دو ماہ سے پانی فراہم نہیں کیاجارہا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو باربار شکایات کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پانی کے بحران کے باعث لوگ طویل فاصلہ طے کرکے دوسرے علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔مرد، خواتین اور بچے زندگی کی بنیادی ضرورت کو یقینی بنانے میں ناکامی پر حکام کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، مرکزی سڑک کو بند کردیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر اس حوالے سے کچھ نہ کیا گیا تو ہم احتجاج میں تیزی لائیں گے۔خواتین رہائشیوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کے باعث وہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ پانی کی چند بالٹیاں لانے کے لیے انہیں گھنٹوں قطار میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ وہ پینے کا پانی خریدنے کے لیے روزانہ ایک بڑی رقم خرچ کرنے پر مجبور ہیں۔\932