گیپکو ملازمین سپلائی کی بحالی کے دوران اپنی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر سرکل سیالکوٹ

بدھ 20 اگست 2025 17:31

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) سپرنٹنڈنٹ انجنیئر سرکل سیالکوٹ سردار جمشید خان نے کہا ہے کہ مون سون کے موسم میں گیپکو ملازمین سپلائی کی بحالی کے دوران اپنی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے لائن سٹاف کے لیے سیفٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائن پر بغیر پرمٹ اور تمام اطراف سےارتھ کیے بغیر بلکل کام نہ کریں، ٹرانسفارمر پلیٹ فارم پر پی ٹی ڈبلیو کے بغیر ہرگز کام نہ کریں، کسی قسم کا دباؤ لئے بغیر کام کریں اورکوئی بھی خطرہ مول نہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام حفاظتی آلات کااستعمال اورسیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، کام کرنےکی جگہ پر اپنی اور متعلقہ عملے کی موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نےکہا کہ بارش کے دوران کام مت کریں ،بارش رکنے کا انتظار کریں ۔

(جاری ہے)

طوفان کے دوران درختوں کے نیچے خود بھی کھڑے نہ ہوں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوران بارش یا طوفان فیڈر ٹرپ ہونے کی صورت میں فیڈر چلانے میں جلدی نہ کریں کوئی تار بھی ٹوٹی ہوئی ہو سکتی ہے ۔

گیلے جوتے اور گیلے کپڑے ہونے کی صورت میں لائن پر کام سے پرہیز کریں۔انہوں نےکہا کہ بارش کے موسم میں گیلا ڈی آپریٹنگ راڈ کبھی بھی استعمال مت کریں ،ایمرجنسی اور عام حالات میں لائن سپرنٹنڈنٹ پرمٹ کے بعد اپنی موجودگی میں لائن سٹاف سے کام کروائے تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔

متعلقہ عنوان :