ہم پاکستانی پہلی میڈ ان پاکستان نمائش کے منتظر ہیں، ازبک سفیرعلیشرتخطائیف

ہمارا مقصد نمائش کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو عالمی طو پرمتعارف کروانا ہے، خورشید برلاس

بدھ 20 اگست 2025 20:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین محمد خورشید برلاس نے ریحان شیخ سابق ایگزیکٹو ممبرکے ہمراہ جمہوریہ ازبکستان کے سفیر علیشر تخطائیف سے ازبکستان سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بانی چیئرمین نے ازبکستان میں ہونے والی پہلی میڈ ان پاکستان ایگزبیشن اینڈ بزنس کانفرنس جو کہ6 سے 9 دسمبر کوازبکستان کے دارالحکومت تاشقندمیں پہلی بار منعقد ہوگی۔

جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری،فوڈ پراڈکٹس،برقی آلات،کچن کا سامان/کراکری،صارفین کی مصنوعات،جوتے،گھریلو سامان،ٹائلیں اور سیرامکس،فرنیچر اور فکسچر،جواہرات اور زیورات، ماربل اور شیشہ،کھیلوں کا سامان،خدمات فراہم کرنے والے،فیشن اور فیبرکس، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت،دستکاری کی مصنوعات اور دیگر شعبوں سے وابستہ کمپنیاں نمائش کا حصہ بنیں گے۔

(جاری ہے)

بانی چیئرمین نے پاکستان اور بین الاقوامی ایونٹس جس میں سعودی عرب، بحرین، یو کے میں ہونے والے کامیاب ایونٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ ہمارا مقصد پاکستان کی مصنوعات کو بین الاقوامی طور پرمتعارف کروانا ہے تاکہ پاکستان میں کاروباری،تجارتی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے۔ موجودہ حکومت بھی ایونٹس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کی جانب سے بانی چیئرمین خورشید برلاس نے ازبکستان کے سفیر علیشر تخطائیف کو شیلڈ بھی پیش کی اس موقع پر سابق ایگزیکٹو ممبر ریحان شیخ بھی موجود تھے۔ ازبک سفیر علی شیر تختائیف نے پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کی جانب سے کئے جانے والی ایونٹس کو سراہا۔ دوران گفتگوسفیر علیشرتخطائیف نے کہا کہ یہ اقدام ازبکستان کی پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ اور کاروباری مواقع کی وسعت کے عزم کو اجاگر کرتا ہے، جو نئے تجارتی منصوبوں اور اشتراکات کی راہ ہموار کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈ اِن پاکستان نمائش نہ صرف مصنوعات کی نمائش ہے بلکہ یہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سماجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ازبک سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سفارت خانہ دونوں اقوام کے مفادات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا ہم پاکستان کی کاروباری برادری کو پہلی میڈ اِن پاکستان نمائش میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ یہ ایونٹ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات اور فائدہ مند شراکت داری کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھے گا۔

یہ ایونٹ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اور یہ نمائش اس تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔