مشکل وقت میں حکومت عوام کو کسی بھی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی، ہر ممکن اقدامات کرنے ہونگے، ضیاقمر

بدھ 20 اگست 2025 22:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) آزاد حکومت کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں حکومت عوام کو کسی بھی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی، انسانی زندگیاں بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے ہونگے، 1122کے لیے تمام تر آلات جو انسانی زندگی کو محفوظ بنانے میں معاون ہوں فوری طور پر انکا انتظام کیا جائے، آنے والے وقت میں موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، حالیہ بارشوں میں محکمہ جات کی کارکردگی بہترین رہی، محکمہ برقیات اور محکمہ شاہرات کا سٹاف انتہائی متحرک رہا انتطامیہ نے ذمہ دارانہ کردار دیا جس کی بدولت باغ میں کوئی بڑا حادثہ رونما نہیں ہو ا،محکمہ جات کو ایسے ہی دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہمہ وقت کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے، بلدیاتی نمائندگان کو آرڈینیشن کمیٹیوں کے زریعے سیلابی صورت حال میں آنے بسنے والی آبادیوں کو آگاہ رکھیں اور اپنے اپنے حلقہ احباب میں عوام کو آگاہی دیں کہ ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، جلد کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل سنیں گے عوام کے سوالات اور مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھیں گے عوام کے مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ ہم عوام کو جوابدہ ہوں اور انکی مشکلات کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ٹاپ پانچ ملکوں میں شامل ہے، کلاؤڈ بریسٹ کسی بھی جگہ ہو سکتا ہے، ابھی مون سون کے دو سپیل باقی ہیں، انکے لیے حکمت عملی طے کرنا ہو گی، ہم سب کو تیار رہنا ہو گا کہ اگر خدا نخواستہ آنے والے دو سپیل زیادہ خطر ناک ہوں تو ان سے کیسے بچاؤ ممکن بنایا جا سکتا ہے، جہاں پر حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے انتظامیہ فوری آگاہ کرے اور تخمینہ مرتب کرے حکومت ہر صورت حفاظتی اقدامات کے لیے وسائل مہیا کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ تباہ کن بارشوں کے بعد ضلعی انتظامیہ سے نقصانات کی رپورٹ و جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جملہ ضلعی آفیسران، ڈسٹرکٹ کونسلرز، چیئرمین یوسیز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت نے وزیر حکومت کو حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی جبکہ محکمہ شاہرات، برقیات سمیت دیگر محکمہ جات کے آفیسران نے بھی اپنے اپنے شعبہ کے متعلق بریف کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام سب ڈویژنز میں آفات سماوی کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جہاں کئی بھی نقصان ہوا ہے وہ اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے دفتر میں رپورٹ درج کرائیں تا کہ معاوضہ جات کے لیے لسٹیں فائنل ہو سکیں اور نقصانات کے ازالہ ممکن ہو سکے، روزانہ کی بنیاد پر ڈی ڈی ایم اے کو رپورٹ دی جا رہی ہے۔