یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پہنچ گیا

بدھ 20 اگست 2025 22:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پہنچ گیا۔ بدھ کو چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے بتایا کہ یہ کیا تٴْک بنتی ہے کہ ایم ڈی کو تنخواہ مل رہی ہے اور ملازمین کو نہیں۔رکن پی اے سی عامر ڈوگر نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے 14 ہزار ملازمین کا روزگار چھینا جا رہا ہے۔

سیکرٹری صنعت نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے پاس اپنا ریونیو نہیں ہے کہ تنخواہیں دے سکے، یوٹیلیٹی اسٹورز پہلے اپنے اخراجات خود اٹھاتے تھے، ہم نے فنانس ڈویڑن سے بجٹ میں بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے رقم کا کہا تھا، بدقسمتی سے بجٹ میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے رقم مختص نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا پرانا ماڈل ناممکن ہوگیا، وفاقی حکومت سبسڈی دے رہی تھی تو اسٹورز چل رہے تھے، اشیاء پر سبسڈی دینا پڑتی تھی وہ شفاف طریقے سے آگے ٹرانسفر نہیں ہوتی تھی۔

(جاری ہے)

جنید اکبر نے کہا کہ یہاں تو روزانہ اس طرح کے کیسز آتے ہیں تو کیا سب ادارے ختم کر دیں، آپ نے سترہ سترہ سال سے کنٹریکٹ پر لوگ رکھے ہوئے تھے، ان غریبوں کا کیا بنے گا۔سیکرٹری صنعت نے کہا کہ ہم جمعے تک یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے لیے فائنل پیکج لے آئیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز میں کنٹریکٹ، ریگولر اور ڈیلی ویجز ملازمین ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کے تینوں قسم کے ملازمین کو پیکج ملے گا۔

متعلقہ عنوان :