پاکستان اور چین کے سٹرٹیجک ڈائیلاگ، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا

دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی ہم آہنگی اور رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا؛ ترجمان دفتر خارجہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 14:02

پاکستان اور چین کے سٹرٹیجک ڈائیلاگ، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) پاکستان اور چین کے سٹرٹیجک ڈائیلاگ میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اسلام آباد میں سٹرٹیجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور ہوا، ڈائیلاگ میں فریقین نے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، سٹرٹیجک ڈائیلاگ میں اہم علاقائی و عالمی امور پر بات چیت کی گئی، فریقین نے پاک چین اقتصادی راہداری تجارت و اقتصادی تعلقات کا بھی جائزہ لیا، اس کے علاوہ کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط سمیت باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پاک چین وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو اجاگر کیا، سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے موقع پر دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی ہم آہنگی اور رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، فریقین نے اتفاق کیا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت اہم ہے، پاک چین دوستی دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، ان کا استقبال نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے نور خان ایئربیس پر کیا جہاں وزارت خارجہ اور پاکستان میں چینی سفارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، چینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرنے کے لیے پاکستان کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں کے گروپ نے انہیں خوش آمدید کہا اور پھول پیش کیے۔

بعد ازاں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور سالانہ پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے حوالے سے گفتگو کی گئی جب کہ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہیں اور وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا پولِٹ بیورو کے رکن بھی ہیں۔