Live Updates

القادر کیس کے سوا عمران خان کی رہائی میں اب کوئی رکاوٹ نہیں، بیرسٹر سلمان صفدر

آج بڑی پیشرفت ہوئی ہے، عمران خان کی رہائی میں جو سب سے بڑی رکاوٹ نو مئی کے کیسز تھے آج ان میں بھی رہا ہوگئے، یہ بڑی خوشخبری ہے؛ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 13:26

القادر کیس کے سوا عمران خان کی رہائی میں اب کوئی رکاوٹ نہیں، بیرسٹر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ القادر کیس کے علاوہ عمران خان کی رہائی میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بڑی پیشرفت ہوئی ہے کیوں کہ عمران خان کے آخری دو مقدمات رہتے تھے جن میں سب سے بڑی رُکاوٹ نو مئی کے مقدمات تھے، آج بالآخر اُن 8 مقدمات میں بھی ضمانت ہوچکی ہے، عمران خان کی رہائی میں جو سب سے بڑی رکاوٹ یہ نو مئی کے کیسز ہی تھے آج ان کیسز میں عمران خان رہا ہو گئے ہیں، یہ بڑی خوشخبری ہے، سپریم کورٹ نے آج حکومت کو ٹف دیا ہے، آج سپریم کورٹ نے جتنے بھی سوال پوچھے پراسیکیوٹر کے پاس ان کا کوئی جواب نہیں تھا، جس دن القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو ضمانت مل گئی، اسی دن عمران خان جیل سے باہر آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلمان صفدر کہتے ہیں کہ اب اگر القادر کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں فکس ہو جائے تو پھر عمران خان کی رہائی میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں ہے کیوں کہ عمران خان اب صرف القادر کیس میں گرفتار ہیں، اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت فکس ہو جائے تو عمران خان کی رہائی میچور ہو جائے گی، اب اسلام آباد ہائیکورٹ کو سماعت فکس کرنی پڑے گی، القادر کیس ایک سماعت اور صرف 15 منٹ کی مار ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماء ایڈووکیٹ نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ آج 9 مئی کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا ہے، سپریم کورٹ نے آج عمران خان کی ضمانت منظور کر لی ہیں، آج حق کی فتح ہوئی ہے، سپریم کورٹ نے اس بنیاد پر ضمانتیں منظور کی ہیں کہ سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے، ٹرائل کورٹس کو بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کو بنیاد بنا کر عمران خان کو بری کر دینا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات