امریکی بحریہ کے اہلکار پر چین کے لیے جاسوسی کرنے کا جرم ثابت

ملزم نے چین کو رقم کے عوض فوجی راز بیچ کر ساتھی اہلکاروں کی زندگیوں اور ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا.اٹارنی ایڈم گورڈن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اگست 2025 14:13

امریکی بحریہ کے اہلکار پر چین کے لیے جاسوسی کرنے کا جرم ثابت
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست ۔2025 ) امریکا کے محکمہ دفاع نے بحریہ کے ایک اہلکار پر چین کے لیے جاسوسی کرنے اور بحریہ کے متعلق حساس معلومات چینی ایجنٹ کو مہیا کرنے کا جرم ثابت ہونے کا انکشاف کیا ہے25 سالہ جنچاﺅ وی کو جاسوسی، جاسوسی کی سازش اور امریکی بحریہ کے جہازوں کے بارے میں خفیہ معلومات غیر قانونی طور پر مہیا کرنے سمیت چھ الزامات کا مرتکب پایا گیا ہے.

امریکی اٹارنی ایڈم گورڈن نے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ وی کے اقدامات امریکی فوج کے ایک رکن کے طور پر ان پر کیے گئے اعتماد کی سنگین غداری کی نمائندگی کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ عوامی جمہوریہ چین کو نقد رقم کے عوض فوجی رازوں کی تجارت کرکے، اس نے نہ صرف اپنے ساتھی اہلکاروں کی زندگیوں کو بلکہ پوری قوم اور ہمارے اتحادیوں کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا.

فوجی اہلکار وی، جو پیٹرک وی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں کو اگست 2023 میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جب وہ امریکی جنگی بحری جہاز یو ایس ایس ایسیکس پر کام کے لیے پہنچے تھے وی کو سکیورٹی کلیئرنس حاصل تھی اور ان کے پاس بحرالکاہل کے بحری بیڑے میں شامل جہازوں کے بارے میں حساس معلومات تک رسائی تھی ہفتہ بھر چلنے والے مقدمے کی سماعت کے دوران، استغاثہ نے ثبوت کے طور پر وی کی اپنے ہینڈلر سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان ہونے والے الیکٹرانک پیغامات اور آڈیو پیغامات بھی پیش کیے.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وی اپنے چینی ہینڈلر کو”بگ برادر اینڈی“ کہہ کر بلاتے تھے اور ان کی ہدایت پر وی نے اپنی بات چیت اور ادائیگیوں کو قبول کرنے کے لیے متعدد انکرپٹڈ ایپس استعمال کیں وی نے اپنے ہینڈلر کی طرف سے فراہم کردہ ایک نیا کمپیوٹر اور فون بھی استعمال کیا دوران سماعت وی اور ان کی والدہ کے درمیان ہونے والی بات چیت بھی بطور ثبوت پیش کی تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ وی جانتے تھے کہ وہ جاسوسی کر رہے ہیں.

اٹارنی ایڈم گورڈن کے مطاب وی نے اپنی والدہ کو بھیجے ایک پیغام میں لکھا کہ امریکی بحریہ میں کام کرنے والے دیگر چینی اب بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس طرح اضافی پیسہ کمایا جائے، اور ٹیکسیاں چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ میں صرف خفیہ معلومت بیچ رہا ہوں جس پر ان کی والدہ نے جواب میں کہا”گڈ جاب“وی سے فروری 2022 میں ایک چینی ایجنٹ نے اس وقت رابطہ کیا جب وہ امریکی شہری بننے کے عمل سے گزر رہے تھے انہیں چینی انٹیلی جنس افسر نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھرتی کیا تھا ایجنٹ نے پہلے خود کو بحریہ کے ایک شوقین کے طور پر پیش کیا تھا جو سرکاری ملکیت والی چائنا شپ بلڈنگ انڈسٹری کارپوریشن کے لیے کام کرتا تھا.

اٹارنی نے بتایا کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وی نے ایسیکس کی تصاویر اور ویڈیوز بھیجیں، امریکی بحریہ کے مختلف جہازوں کے مقام کے بارے میں بتایا اور ایسیکس پر موجود دفاعی ہتھیاروں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں ان معلومات کے بدلے میں چینی انٹیلی جنس افسر نے وی کو 18 ماہ کے دوران 12 ہزار ڈالر سے زیادہ کی ادائیگی کی وی کو یکم دسمبر کو سزا سنائی جائے گی اور اسے عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.