Live Updates

نو مئی فوج نہیں قوم کا مقدمہ ہے‘ ہر ملوث کردار کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، ترجمان پاک فوج

جو غلط حرکت کرتا ہے اس کو قانون کے کٹہرے میں آنا ہوگا، ہم واضح ہیں کہ نو مئی کرنے والوں، اس کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے مطابق جواب دہ ہونا چاہیئے؛ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 13:03

نو مئی فوج نہیں قوم کا مقدمہ ہے‘ ہر ملوث کردار کو قانون کا سامنا کرنا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم واضح ہیں کہ 9 مئی کرنے والوں، اس کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے مطابق جواب دہ ہونا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج کی طرف سے صحافی سہیل وڑائچ کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے انٹرویو سے متعلق کالم پر ردعمل سامنے آیا ہے جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے سہیل وڑائچ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عمران خان سے متعلق کالم من گھڑت قرار دیدیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہیل وڑائچ کے جس آرٹیکل کی بات ہو رہی ہے وہ برسلز کا ایونٹ تھا اور وہاں سینکڑوں لوگوں نے تصویر بنوائی، آرمی چیف کی طرف سے کوئی انٹرویو نہیں دیا گیا، سہیل وڑائچ نے بھی دیگر لوگوں کی طرح فیلڈ مارشل کے ساتھ ملاقات کی۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ فوج ایک ذمہ دار ادارہ ہے، سید عاصم مُنیر نے برسلز میں کسی صحافی کو انٹرویو نہیں دیا، برسلز میں آرمی چیف نے نہ پی ٹی آئی اور نہ ہی عمران خان کا کوئی ذکر کیا، سہیل وڑائچ نے ذاتی مفاد کیلئے اپنی طرف سے کہانی گھڑی، یہ ایک صحافی کی ذاتی مفاد اور تشہیر حاصل کرنے کی کوشش ہے، سہیل وڑائچ نے نامناسب حرکت کی، سہیل وڑائچ کی خبر چھاپنے سے پہلے ادارے کو بھی ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیئے تھا، یا جیو اور جنگ کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی؟۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فوج کا 9 مئی کے حوالہ سے مؤقف واضح ہے کہ ہر کردار کو قانونی طور پر جواب دینا ہوگا کیوں کہ جو غلط حرکت کرتا ہے اس کو قانون کے کٹہرے میں آنا ہوگا، ہم واضح ہیں کہ 9 مئی کرنے والوں، اس کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے مطابق جواب دہ ہونا چاہیئے کیوں کہ 9 مئی صرف فوج کا نہیں بلکہ قوم کا مقدمہ ہے، اس لیے ہم نے بہت واضح الفاظ میں کہا کہ اداروں کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، میڈیا کو بھی سمجھنا چاہیئے کہ یہ مناسب نہیں، افسوس کی بات ہے کہ سینئر صحافی نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات