قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی زیر صدارت یونیورسٹی کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے سال 2025۔26کیلئے بجٹ کی منظوری دیدی

بدھ 20 اگست 2025 23:07

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی زیر صدارت کے آئی یو کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا 29واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کے علاوہ کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی 29ویں اجلاس میں قراقرم یونیورسٹی کے ٹریژررنعمان بٹ نے کمیٹی ممبران کے سامنے سال 2025۔

26 کے لیے 1817ملین روپے کا بجٹ پیش کیا۔اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلرکے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے یونیورسٹی کے مالی مسائل کے حل کے لیے گلگت بلتستان حکومت،وفاقی حکومت،ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہاکہ معاشی مشکلات کے باوجود جامعہ قراقرم نے اپنے وسائل کو بڑھانے اور سادگی و کفایت شعاری کے ذریعے اپنے اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں تاہم ان مشکلات کے باوجود بھی یونیورسٹی نے ملازمین اور طلباء کے وسیع تر مفاد میں بہترین اقدامات اٹھائے۔

وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی پوری ٹیم کو تاکید کی کہ وہ یونیورسٹی کو معاشی طورپر مستحکم کرنے کے لیے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی بنائےتاکہ یونیورسٹی اپنے قدموں پر مستقل بنیادوں پر کھڑی ہوسکے۔ٹریژرر کے آئی یو نعمان بٹ نے اجلاس میں شریک تمام شرکاء کی جانب سے ماہرانہ آراء پیش کرنے سمیت یونیورسٹی بجٹ کی منظوری دینے پر خصوصی طورپر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی زیر صدارت فنانس ٹیم کی جانب سے متوازن اور حقیت پر مبنی بجٹ بنانے کی تعریف کی۔