Live Updates

منعم ظفر خان کی بارش کے دوران کرنٹ سے جاں بحق ہونے والے دو بھائیوں کی نماز جنازہ میں شرکت

شہر میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے اموات پر گہرے افسوس کا اظہارکیا،کرنٹ لگنے لے واقعات کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ بارش اللہ تعالی کی رحمت ‘ حکومت اور حکومتی اداروں کی نا اہلی و غفلت کے باعث ایک زحمت بن جاتی ہے،میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

بدھ 20 اگست 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، امیر ضلع ائیر پورٹ محمد اشرف ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے گزشتہ روز بارش کے دوران شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 7سالہ اور 14سالہ سگے بھائیوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ، بچوں کے والد سلطان و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ، منعم ظفر خان نے دونوں بھائیوں سمیت شہر میں بارش کے باعث ہونے والے المناک واقعات اور کرنٹ لگنے سے اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش اللہ تعالی کی رحمت ہوتی ہے مگر بد قسمتی سے ہماری حکومت اور حکومتی اداروں کی نا اہلی و بد انتظامی اور غفلت و لاپرواہی کے باعث بارش ایک زحمت بن جاتی ہے اور کرنٹ لگنے سمیت دیگر المناک واقعات رونما ہوتے ہیں ، منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا کہ شہر میں کرنٹ لگنے کے تمام واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائے ،ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے،منعم ظفر خان نے کہا کہکراچی ساڑھے تین کروڑ کی آبادی اور ملک کی معاشی شہ رگ ہے، مگر ہر بارش کے ساتھ یہاں لاشیں اٹھتی ہیں، لوگ خوف اور مسائل کا شکار اور حکومتی ادارے غائب ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک گھر سے دو جنازے اُٹھنے سے والدین پر کیا گزری ہے وہ وہی محسوس کر سکتے ہیں۔ والد کے الفاظ دل چیر دینے والے ہیں کہ چند منٹ میں میرے دو لعل مجھ سے جدا ہو گئے۔ہم لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کو انصاف فراہم کیا جائے ، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم جمہوری و قانونی طریقے سے احتجاج اور قانونی جدوجہد کا راستہ اختیار کریں گے۔منعم ظفر خان نے کہا کہ بارش کی پیش گوئی پہلے سے تھی مگر نالوں کی صفائی، سیوریج کی نکاسی اور برقی تنصیبات کی پیشگی حفاظتی جانچ نہیں کی گئی،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کے الیکٹرک، پی ڈی ایم اے، شہری انتظامیہ اور ریسکیو 1122سب کو پیشگی حکمتِ عملی کے ساتھ متحرک ہونا چاہیے تھالیکن افسوس کہ جب سانحہ ہو جاتا ہے توہوش آتا ہے بارش تھمنے کے بعد بھی شاہراہِ فیصل سمیت مرکزی شاہراؤں پر سینکڑوں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں رات بھر پھنسی رہیں۔

خواتین، بچے، بزرگ اپنی گاڑیوں میں محصور رہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات