اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی زیرنگرانی کھلی کچہری کاانعقاد

بدھ 20 اگست 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی زیرنگرانی گوادر میں کھلی کچہری منعقد ہوئی جس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر سمیت تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔کچہری میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر صابر علی بلوچ، فشریز کے نمائندہ شاہ فہد، پبلک ہیلتھ کے انجینئر سلمان بلوچ اور دیگر افسران موجود تھے، جنہوں نے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر شہریوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف، طبی آلات اور ادویات کی کمی سمیت دیگر مسائل پیش کئے جبکہ پانی کی فراہمی کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آئیں کہ پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں کے باعث خاص طور پر فقیر کالونی اور گھٹی ڈور کے علاقے شدید متاثر ہیں۔

(جاری ہے)

والدین نے پرائیویٹ سکولوں کی بھاری فیسوں اور سہولیات کی کمی کی نشاندہی کی جبکہ محکمہ تعلیم کے چھوٹے گریڈ کے ملازمین کی تعیناتی اور تبادلوں کے احکامات ڈائریکٹر ایجوکیشن مکران کے بجائے ضلعی سطح پر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

شہریوں نے بارڈر ٹریڈ، کنٹینر ٹرمینل کی بندش، پانی و بجلی کی قلت اور شہر میں آوارہ جانوروں بالخصوص گایوں کی موجودگی جیسے مسائل بھی اجاگر کئے۔ اس پر چیئرمین بلدیہ ماجد جوہر نے بتایا کہ ورکشاپ طویل عرصے سے بند ہے اور بلدیہ اپنے محدود اخراجات سے ٹرانسفارمرز کی مرمت کرتی ہے۔مزید برآں شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سمندری ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے گوادر میں ایک فعال ریسکیو سینٹر قائم کیا جائے تاکہ ماہی گیروں اور سمندر سے وابستہ افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

اختتامی کلمات میں اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے شہریوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، عوام کسی بھی مسئلے پر بلا جھجک براہ راست ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازم عوام کا خادم ہے، اگر کوئی ملازم عوامی خدمت میں کوتاہی کرے گا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔