آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجر کاری و ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ جیسے اقدامات ناگزیر ہیں،صوبائی وزیربلال یاسین

بدھ 20 اگست 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) صوبائی وزیر ہائو سنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے ڈی جی پی ایچ اے اور ایم ڈی واسا کے ہمراہ گجومتہ فیروز پور روڈ سے بیدیاں روڈ تک طویل ٹریک کے اطراف ہڈیارہ ڈرین کا جائزہ لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈرین میں گرنے والے صنعتی ویسٹ واٹر اور ملحقہ آبادیوں سے آنیوالے نکاسی آب بارے دریافت کیا جبکہ ہڈیارہ ڈرین پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے بارے اہم ڈی واسا نے تفصیلی بریفنگ دی،ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے صوبائی وزیر کو شجرکاری منصوبے بارے آگاہ کیا۔

وزیر ہائو سنگ نے ڈرین کے اطراف صنعتی سیکٹر اور پی ایچ اے کو مل کر شجر کاری کرنے کی ہدایات جاری کیں،ڈی جی پی ایچ اے کو منصوبے کو عملی شکل دینے بارے جلد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے بھی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر ہائو سنگ نے ایم ڈی واسا کو ہڈیارہ ڈرین پر واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے بارے مزید سفارشات تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ ہڈیارہ ڈرین پر واٹر ٹریٹمنٹ منصوبہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔

صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجر کاری مہمات میں مزید اضافہ کیا جائے گا، دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان سر فہرست ہے، شہروں کی خوبصورتی میں اضافے اور شجرکاری مہمات میں اضافے کیلئے 26 اضلاع میںپی ایچ ایز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔