طوفانی بارش، ریلوے کا ٹرینوں کی معطلی کا اعلان

قراقرم ایکسپریس ‘ شاہ حسین ایکسپریس اور خوشحال خان ایکسپریس سمیت متعدد ٹرینیں بند

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اگست 2025 15:28

طوفانی بارش، ریلوے کا ٹرینوں کی معطلی کا اعلان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست ۔2025 )ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے متعدد ٹرینوں کی معطلی کا اعلان کردیا ہے رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے، اندرون ملک آنے اور جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں.

ریلوے حکام کے مطابق قراقرم ایکسپریس کو معطل کیا گیا ہے، جس کے مسافروں کو پاک بزنس اور کراچی ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا شاہ حسین ایکسپریس 25 اگست تک بند رہے گی، مسافروں کو دیگر ٹرینوں اور گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بھی3 دن معطل رکھا جائے گا.

(جاری ہے)

پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہے، پاک فوج کے انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں سیلابی ریلیف، ریسکیو آپریشنز میں تعینات ہیں ریسکیو آپریشنزکے بعد پیر بابا بائی پاس تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا.

پاک فوج کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا پاک فوج کی مشینری نے 7 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ الوچ پورن 20 کلومیٹر سڑک بحال کردی، ریسکیو آپریشن کے بعد پورن گاں کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا، مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی.