وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ڈھاکا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سے ملاقات، تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

جمعرات 21 اگست 2025 18:08

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ڈھاکا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ..
ڈھاکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جمعرات کو ڈھاکا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اورڈھاکا چیمبر کے صدر تسکین احمد اور بورڈ ممبران سے ملاقات کی۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر تجارت نے ڈھاکا چیمبر کے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ میں چیمبر کے کردار کی تعریف کی اور ایکسپورٹرز/امپورٹرز ڈیٹا بیس کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

جام کمال خان نے ڈھاکا چیمبر کو نومبر 2025ء میں کراچی میں ہونے والی تیسری انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگریکلچرل ایگزیبیشن میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں قابل تجدید توانائی، دواسازی، آٹو پارٹس، فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز، آئی ٹی، فیشن انڈسٹری اور نوجوانوں کی ترجیحات جیسے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ڈھاکا چیمبر کے صدر تسکین احمد نے وزیر تجارت کو ادارے کی تاریخ اور کاروباری سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے وفود کے تبادلوں، نمائشوں میں شرکت اور نالج شیئرنگ کے ذریعے دو طرفہ تجارت بڑھانے کی تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو جوڑنا دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ملاقات میں ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کے مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹکس کو بہتر بنانے پر بھی بات چیت کی گئی ۔\932