Live Updates

تحریک انصاف نے عمران خان کو سپریم کورٹ سے ملنے والے ریلیف کوخوش آئندقرار دے دیا

آج ہمارے بیانئے کی جیت ہوئی، اب صرف القادر ٹرسٹ کیس رہ گیاہے، اس میں بھی جلد ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا.سلمان اکرم راجہ کی لطیف کھوسہ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اگست 2025 17:18

تحریک انصاف نے عمران خان کو سپریم کورٹ سے ملنے والے ریلیف کوخوش آئندقرار ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست ۔2025 )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو سپریم کورٹ سے ملنے والے ریلیف کوخوش آئندقرار دیا ہے، تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج قوم کے لیے خوشی کا دن ہے، بہت عرصے بعد عدالتوں سے ریلیف ملا،آج ہمارے بیانئے کی جیت ہوئی، اب صرف القادر ٹرسٹ کیس رہ گیاہے، اس میں بھی جلد ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا.

(جاری ہے)

اسلام آباد میں پارٹی راہنماﺅں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 9 مئی کو لے کر پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنایا گیا، آج عدالت کے سامنے جو گواہی پیش کی گئی وہ ہمیشہ ہر کیس میں پیش کی گئی، ان کیسز میں 10،10 سال سزا ہوئی اور عمران خان کی ضمانت کو مسترد کیا گیا. سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بہت عرصہ بعد ہمیں ہوا کا جھونکا ملا ہے، عدلیہ کی آزاد حیثیت کے ساتھ ہیں، جب بھی موقع ملا 26 ویں آئینی ترمیم کو ختم کردیں گے لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان سالوں سے پابند سلاسل ہیں، اس کیس کی اہمیت اسی وقت ختم ہوگئی تھی جب سپریم کورٹ نے سنیٹر اعجاز چوہدری اور حافظ فرحت کی ضمانت منظور کی تھی لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر سے اعجاز چوہدری کی ضمانت کا ذکر کیا، پراسیکیوٹر کے پاس کوئی جواب نہیں تھا جس پر سپریم کورٹ نے عمران خان کی ضمانت منظور کر لی.

لطیف کھوسہ نے کہا کہ زمان پارک اور چکری پر ایک ہی بندے نے سب دیکھا اور گواہی دی، 8 مقدمات میں سے 5 میں سابق وزیراعظم کا نام ہی نہیں ہے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ کہ آج عدالت میں ثابت ہوا ہے کہ عمران خان کے خلاف کوئی بھی ثبوت نہیں ہے تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے آٹھ مقدمات میں ضمانت کے باوجود عمران خان جیل سے رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ انہیں 190 ملین پاﺅنڈ کے مقدمے میں بھی 14 برس قید کی سزا ہو چکی ہے جبکہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی ان کی گرفتاری ڈالی جا چکی ہے.

پریس کانفرنس کے دوران سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ابھی عمران خان کے خلاف ’ٹرائل چلے کا اور ہم ٹرائل میں بھی بھرپور مقابلہ کریں گے سردار لطیف کھوسہ نے عدلیہ کو سراہتے ہوا کہا کہ 26 ویں ترمیم کے بعد ابھی بھی عدلیہ میں دم باقی ہے اور وہ انصاف کے ترازو کو مضبوطی سے تھام سکتی ہے قبل ازیں سپریم کورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے سازش کا بیانیہ دفن ہوگیا.

انہوں نے کہا کہ فیصلے سے یہ سمجھ آگیا کہ عمران خان بے گناہ ہیں، ان کو جیل میں رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا خالد یوسف چوہدری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے تمام مقدمات میں سابق وزیراعظم کی ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں انہوں نے کہا کہ القادر کیس کی ضمانت 7 ماہ سے ابھی تک زیرسماعت ہے واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ہے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے زبانی فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا. 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات