امریکی ٹیرف سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے، پیاف

جمعرات 21 اگست 2025 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء) پیاف کے چیئرمین سید محمود غزنوی، سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ 19 فیصد ٹیرف سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ٹیرف نے اگرچہ عالمی تجارت کے لیے نئے چیلنجز کھڑے کیے ہیں تاہم اس نے پاکستان کے لیے امریکی مارکیٹ میں قدم جمانے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔

گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل، چمڑے کے سامان، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان اور زرعی مصنوعات کی جارحانہ مارکیٹنگ، تجارتی میلوں میں شرکت اور کاروباری روابط کو فروغ دیا جائے تو زیادہ سے زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض حریف ممالک کو زیادہ ٹیرف کا سامنا ہے اس لیے یہ جدت، ویلیو ایڈیشن اور جرات مندانہ اقدامات کا وقت ہے۔

پاکستان کے برآمد کنندگان کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کاروباری مذاکرات، طویل مدتی سپلائی کے معاہدوں اور امریکی خریداروں کا اعتماد حاصل کر کے برآمدات کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے امریکی مارکیٹ کو ٹارگٹ کرنے والے برآمد کنندگان کے لیے خصوصی سہولت کاری ڈیسک قائم کرنے کی بھی سفارش کی۔انہوں نے کہا کہ پیاف دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔