اسلام آباد کی تاجر برادری ہمیشہ قربانی، محنت اور اتحاد کی روشن مثال رہی ہے، سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری

جمعرات 21 اگست 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی تاجر برادری ہمیشہ قربانی، محنت اور اتحاد کی ایک روشن مثال رہی ہے، برسوں سے بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے اپنے مسائل کے حل اور تاجر بھائیوں کے حق میں جدوجہد کی ہے، یہی جدوجہد آج اسلام آباد کی مارکیٹوں اور مراکز کو ایک نئی پہچان دیتی ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر تاجر کمیونٹی کے نمائندوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ عشائیہ میں صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ،صدر ایف 6مرکز شہزاد شبیرعباسی، چیرمین سمال چیمبر ایند سمال ٹریڈ ثاقب عباسی ،صدر جی 7 مرکزسید الطاف حسین شاہ،صدر آئی این ٹی سینٹر جی ٹن چوہدری ظفراقبال گجر،صدر آئی این ٹی سینٹر جی سیون راجہ سفیر ،صدر آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ایسوسی ایشن خورشید قریشی ، صدر بہارہ کہو راجہ زاہد دھنیال،صدر گلبرگ گرین ملک نجیب الہٰی، صدر ای الیون مرکز افتخارعباسی، جنرل سیکرٹری آبپارہ مارکیٹ اخترحسین عباسی ،ایگزیکٹو ممبران آئی سی سی ائی طاہر ایوب،چوہدری عرفان گجر ،عامر رحیم قریشی ،سابق صدر سمال چیمبر اینڈ سمال ٹریڈ ملک ندیم ککےزئی ،حسن اقبال گردیزی، صدر ملک ایسوسی ایشن مظفر ہاشمی،خالدچوہدری،رائو فیصل،عدنان مختار،ظریف احمد خان ،راجہ ہمایوں سرور اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ظفر بختاوری نے کہا کہ آج اسلام آباد کی تاجر برادری کے ان نمائندوں کو جمع کیا ہے جو برسوں سے بزنس کمیونٹی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، ان کی جدوجہد اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اپنی اولاد کو بھی عوامی خدمت، میل جول، عزت و احترام اور دوسروں کے ساتھ خیرسگالی کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت سے خود کو برانڈ بنایا اور اسلام آباد میں نیا شاپنگ کلچر متعارف کرایا، کھانا کھلانا دلوں تک پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ ہے، میری کامیابیوں میں میری شریک حیات کا اہم کردار ہے، بچوں کی اچھی تربیت بھی انہی کی مرہون منت ہے۔

صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری کے اتحاد، محنت اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ظفر بختاوری نے اسلام آباد کے تاجروں کو متحد کیا اور بزنس کمیونٹی کیلئے ایک نئی سمت متعین کی، ان کی خدمات ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کا حل ہماری ارلین ترجیح ہے جس کے لئے ہم سب کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

چیئرمین سمال چیمبر اینڈ سمال انڈسٹری ثاقب عباسی اور صدر جی-7 مرکز سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ ظفر بختاوری نے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کو ایک نئی شناخت دی ہے۔چوہدری ظفر اقبال گجر نے کہا کہ تاجر برادری کی یکجہتی کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔ تقریب میں شریک ایگزیکٹو ممبران آئی سی سی ائی طاہر ایوب،چوہدری عرفان گجر ،عامر رحیم قریشی اوردیگر تاجر رہنمائوں اور عہدیداران نے بھی کہا کہ تاجروں کی حقیقی آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔