Live Updates

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارش، سیلاب اور بجلی کی بندش کا ایمرجنسی الرٹ جاری

جمعرات 21 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارش،سیلاب اور بجلی کی بندش کا ایمرجنسی الرٹ جاری کیا ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سندھ میں 24 تا 28 اگست تک شدید بارش کا سسٹم متوقع ہے۔جمعرات کو این ڈی ایم اے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق حیدرآباد میں اگلے 1-2 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے جس سے شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

اگلے 60-90 منٹ میں کراچی میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔موسلادھار بارش شہری سیلاب اور بجلی کے تعطل کا باعث بن سکتی ہے ۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ زیرآب سڑکوں پر سفر اور بجلی کھمبوں سے دور رہیں ،برقی آلات کو محفوظ بنائیں اور استعمال کرتے وقت حفاظتی اقدامات کریں ۔ اپنے گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں پانی کے نکاس کے نظام کو چیک کریں تاکہ پانی جمع نہ ہو۔نشیبی علاقوں کے مکین ہنگامی کٹ تیار رکھیں۔ ضروری اشیاء جیسے پانی، خوراک، مشعلیں اور فرسٹ ایڈ کٹ تیار رکھیں۔مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات