صدر مملکت آصف زرداری کی شہید میجر رضوان طاہر کی رہائشگاہ آمد، اہلخانہ سے اظہار یکجہتی ، شہید کو خراج عقیدت

جمعرات 21 اگست 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری شہید میجر رضوان طاہر کی رہائشگاہ پر گئے، اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا اور شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر رضوان نے جان دے کر قوم کا سر بلند کردیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق میجر رضوان طاہر نوشکی آپریشن میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت شہید کی رہائشگاہ پر گئے اور اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ میجر رضوان شہید بہادر اور نڈر افسر تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میجر رضوان نے فرض کی راہ میں جان قربان کر کے شہادت کی عظیم مثال قائم کی ہے ۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔