متحدہ عرب امارات بہترین شراکت دار ثابت ہو سکتا ہے،صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے،وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ

جمعرات 21 اگست 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، سیکرٹری توانائی بلوچستان داؤد بازئی اور فیڈریشن آف پا کستان چیمبرآف کامرس کے چیئرمین ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ وفد کا پرتپاک استقبال متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق علی عالیان الرمیتھی نے کیا۔

اس موقع پر بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، دوطرفہ تجارتی تعلقات اور مستقبل کے تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات کا ایک تجارتی وفد قونصل جنرل الرمیتھی کی قیادت میں جلد بلوچستان کا دورہ کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے اور مقامی اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کی جا سکیں ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہاکہ بلوچستان خطہ کا دروازہ اور وسائل سے مالا مال سرزمین ہے۔

(جاری ہے)

معدنیات، ماہی گیری، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بلوچستان کو قریب سے دیکھے اور یہاں کے امکانات سے فائدہ اٹھائے۔ متحدہ عرب امارات ہمارے برادر ملک کے طور پر ایک بہترین شراکت دار ثابت ہو سکتا ہے۔ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان مستقبل میں نہ صرف پاکستان کا بلکہ پورے خطے کا ایک اہم تجارتی اور معاشی مرکز بننے جا رہا ہے۔

اسی موقع پر قونصل جنرل متحدہ عرب امارات بخیت عتیق علی عالیان الرمیتھی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ اور گہرے رہے ہیں۔ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت، وسائل اور جاری ترقیاتی منصوبے سرمایہ کاری کے لیے بڑی کشش رکھتے ہیں۔ ہمارا دورہ باہمی تعاون کو ایک نئی جہت دے گا۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور بلوچستان مستقبل میں ایک بڑے علاقائی سرمایہ کاری و تجارتی مرکز کے طور پر سامنے آئے گا۔