Live Updates

کراچی میں بارش ،ْکے الیکٹرک کی بد انتظامی و ناقص کارکردگی ،ْ شہر تاریکی میں ڈوب گیا ،ْمنعم ظفر

800سے زائد فیڈر ٹرپ، بیشتر علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی ،ْکرنٹ لگنے سے 2 معصوم بچے جاں بحق ،ْذمہ داروں کو سزا دی جائے کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے فارنزک آڈٹ کیا جائے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے

جمعرات 21 اگست 2025 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں 100ملی میٹرسے زائد بارش نے کے الیکٹرک کی نااہلی اور بدترین کارکردگی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ بارش کے نتیجے میں شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا، 800 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوئے اور دو دن گزرنے کے باوجود بیشتر علاقوں میں بجلی بحال نہیں کی جا سکی۔

کراچی جیسے میٹرو پولیٹن شہر کے عوام کو اندھیروں اور مشکلات میں ڈبو دینا کے الیکٹرک کی سنگین مجرمانہ غفلت ہے۔کے الیکٹرک کی بدانتظامی و ناقص کارکردگی پر وفاقی و صوبائی حکومتیں بھی برابر کی شریکِ جرم ہیں ،بار بار شہریوں کی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر نقصانات کے باوجود ادارے کے خلاف کوئی عملی اقدام نہیں کیا جاتا۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی اور مجرمانہ غفلت کے خلاف فوری نوٹس لیا جائے، کرنٹ لگنے کے نتیجے میں معصوم بچوں کے ناحق قتل کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں بجلی کی بندش کے سبب نہ صرف نظام زندگی مفلوج ہوگیا بلکہ شہری پانی سے بھی محروم ہوگئے۔ اسپتالوںاور کاروباری مراکز پر براہِ راست اثرات مرتب ہوئے اور عوام کو اذیت ناک حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران مختلف حادثات میں 17 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ کے الیکٹرک کی نااہلی و غفلت کے نتیجے میں میں دو معصوم بچے کرنٹ لگنے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ منگل کے روز طوفانی بارش کے بعد شہر کا نصف حصہ اندھیروں میں ڈوب گیا جبکہ بدھ کو مزید بارشوں نے صورتحال کو مزید ابتر بنا دیا اور کے الیکٹرک کے مزید 400 فیڈر ٹرپ ہوگئے۔ بارش ہوتے ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوجاتی ہے ،کے الیکٹرک نے اپنے نظام کو اپ گریڈ کرنے بوسیدہ پلانٹس بند کرنے ،جنریشن ،ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن میں ناکام ہوگئی ہے ، اس کا لائسنس معطل کیا جائے ، فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور مونوپولی کا خاتمہ کر تے ہوئے کراچی کے شہریوں کواس عذاب سے نجات دلائی جائے ۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کو اس ظلم و زیادتی سے نجات دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات