نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 21 اگست 2025 23:10

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، نوجوانوں کی ترقی اور صوبے کے عوامی فلاحی منصوبوں سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کر سکیں نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی ضرورت ہیں۔