حکومت نے مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹرز کے فروغ کے لیے 17 سیکٹورل کونسلز فعال کر دیں، رانا احسان افضل

جمعہ 22 اگست 2025 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) حکومت نے مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹرز کی پالیسی سازی اور عالمی منڈی میں مسابقت بڑھانے کے لیے 17 سیکٹورل کونسلز کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا ہے۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان نے ’’ویلتھ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ وزارت تجارت نے ایک جامع اصلاحاتی اقدام کے تحت یہ کونسلز قائم کی ہیں جن میں سے 9 مینوفیکچرنگ کے لیے جبکہ 8 سروسز سیکٹر کے لیے تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کونسلز میں ہاسپیٹیلٹی، سیاحت، لاجسٹکس، جیولری اور معدنیات سمیت مختلف شعبے شامل ہیں جو اپنے اپنے شعبوں کے لیے پالیسی سفارشات تیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا اقدام ہے اس سے پہلے کبھی سیکٹورل پالیسی پر اتنی تفصیل سے کام نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

رانا احسان افضل کے مطابق ان کونسلز میں نجی شعبے کی مہارت کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ خام مال سے لے کر تیار مصنوعات تک پوری ویلیو چین کا احاطہ کیا جا سکے۔

ان کونسلز کی قیادت نجی شعبہ کر رہا ہے جبکہ ورکنگ گروپس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور نجی شعبے کے نمائندے شامل ہیں جو پورے شعبے کا تجزیہ کر کے کمزور پہلوئوں کی نشاندہی کریں گے اور پالیسی سفارشات مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے کا منظم طریقے سے جائزہ لے کر ایسی مربوط پالیسیاں بنائی جائیں گی جو صنعتی، تجارتی اور مالیاتی حکمتِ عملیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری بھی جاری ہے۔ فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ نے ٹیکسٹائل سیکٹر میں 10 کروڑ ڈالر کی توسیع کا اعلان کیا ہے جو ملکی مینوفیکچرنگ صلاحیت پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے تجارت کے لیے ٹیرف لبرلائزیشن پالیسی بھی شروع کر دی ہے جس کی سٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ کر رہے ہیں۔

سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی پر بھی کام جاری ہے اور یہ تمام سیکٹورل پالیسیاں اسی فریم ورک کے تحت آئیں گی۔رانا احسان افضل نے ڈیجیٹل ٹریڈ اور علاقائی انضمام پر پیش رفت کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ ای-کامرس پالیسی 2.0 تیار ہے اور اسے جلد حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ جی سی سی کے ساتھ ایف ٹی اے بھی تقریباً تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکٹورل کونسلز، سرمایہ کاری کے رجحان، ٹیرف اصلاحات اور ڈیجیٹل ٹریڈ ریفارمز پاکستان کی صنعتوں کو علاقائی اور عالمی منڈیوں میں زیادہ مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔