بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کا سلسلہ جاری

بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں مسلمانوں، مسیحیوں و دیگر مذہبی اقلیتوں کیخلاف نفرت انگیز جرائم میں تیزی سے اضافہ ،رپورٹ

جمعہ 22 اگست 2025 17:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)دنیا بھر میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر ظلم و تشدد کا نشانہ بننے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا عالمی دن منایاگیا ،تاہم بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کاسلسلہ جاری ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت ملک بھرمیں ہندوتوا آر ایس ایس کے اقلیت مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں مسلمانوں، مسیحیوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ بھارت میں مذہبی اقلیتیں مسلسل خوف اور عدم تحفظ کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کے بھارت میں اقلیتوں کو خاموش کرانے کے لیے دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طورپر استعمال کیاجارہاہے اور بھارت کو اقلیتوں سے پاک کر کے ایک ہندو راشٹر بنانا بی جے پی کا مشن ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہاگیاہے کہ مودی حکومت کھلے عام بھارت بھر میں ہندو بالادستی کو فروغ دے رہی ہے اور ہندوتوا غنڈوں کی طرف سے اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی بے حرمتی اور توڑ پھوڑ روز کا معمول بن گیاہے۔رپورٹ کے مطابق مودی حکومت بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں پرڈھائے جانیوالے مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔