تاجر برادری ملک کی معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، ناصر منصور قریشی

جمعہ 22 اگست 2025 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت کا محرک ہے اور پاکستان کی معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کے اہم کردار کے اعتراف میں، کاروباری برادری کو مناسب عزت اور احترام دیا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آئی سی سی آئی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس پیئرز سروس ونگ کے زیر اہتمام چیمبر کے عملے کے لیے ’’ٹیکس کلچر کو فروغ دینا/آگاہی اور انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے‘‘ کے موضوع پر ایک جامع سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر ناصر منصور قریشی نے سیشن کو انتہائی اہم اور بروقت قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ٹیکس دہندگان کی مناسب طریقے سے گوشوارے جمع کرانے میں رہنمائی کرنے میں اہم کردار کرے گا۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے بلنٹ انفورسمنٹ کے بجائے ویلوٹ ہیمرینگ کے ذریعے سہولت کاری کا طریقہ اپنانا ضروری ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے چیمبر میں ایک مستقل فیسیلیٹیشن ڈیسک کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تاکہ ٹیکس کے معاملات پر تاجر برادری کو رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس دہندگان کی معلومات بڑھانے اور کاروباری برادری اور ایف بی آر کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کے لیے اس طرح کے آگاہی سیشنز کا مسلسل انعقاد کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اس اقدام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔قبل ازیں سیکرٹری کمپلائنس کرن زہرہ نے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا اور بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر کی خصوصی ہدایت پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ملک بھر میں ایسے سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عمل کو آسان بنانا اور نفاذ سے قبل سہولت کاری کو ترجیح دینا ایف بی آر کے رہنما اصول ہیں۔سوال و جواب کے سیشن کے دوران سیکنڈ سیکرٹری فسیلیٹیشن ظفر اقبال خان نے شرکا کے سوالات کا تسلی بخش جواب دیا جبکہ انسپکٹر سلمان خالق نے ریٹرن فائل کرنے کے پورے عمل کی وضاحت کے لیے ڈیجیٹل پریزنٹیشن دی۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ نے ایف بی آر کی ٹیم کا خیرمقدم کیا اور اسے چیمبر کے کام اور کاروباری برادری کے ساتھ اس کی قریبی مصروفیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔