صدرمملکت آصف علی زرداری نے 11 ویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

جمعہ 22 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) صدرمملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 160کے تحت 11ویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کانوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پرجاری پوسٹ میں کہا ہے کہ صدرمملکت نے آئین کے آرٹیکل 160کے تحت 11ویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کانوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ نوٹیفکیشن کی کاپی بھی منسلک کی ہے۔وزیرخزانہ کمیشن کی قیادت کریں گے، کمیشن میں صوبائی وزرائے خزانہ،نامزد ماہرین شامل ہوں گے۔کمیشن محصولات وگرانٹس کی تقسیم،قرضہ لینے کے اختیارات اورقومی منصوبوں میں اخراجات کی حصہ داری کے حوالہ سے سفارشات مرتب کرے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ این ایف سی کے چیئرمین ہوں گے،وزیرخزانہ پنجاب، وزیرخزانہ خیبرپختونخوا،وزیرخزانہ سندھ،وزیرخزانہ بلوچستان، ناصر محمدکھوسہ (پنجاب)،ڈاکٹراسدسعید(حکومت سندھ)،ڈاکٹرمحمدرسول سیاں (حکومت خیبرپختونخوا) اور فرمان اللہ (حکومت بلوچستان) کمیشن کے اراکین ہوں گے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کی دفعہ 160 کی شق (2) کے تحت صدر پاکستان کو سفارشات پیش کرنے کے لیے گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن کی شرائط بھی جاری کی گئی ہیں جن میں آئین کی دفعہ 160 کی شق (3) میں بیان کردہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسوں کی خالص آمدنی کی تقسیم ، وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو گرانٹس ان ایڈ فراہم کرنے کا طریقہ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قرض لینے کے آئینی اختیارات کے استعمال سے متعلق امور، وہ معاملات جو مالی اخراجات کی تقسیم سے متعلق ہیں، جو وفاق نے صوبوں کے دائرہ کار میں آنے والے مضامین یا امور پر کیے ہیں یا کرنے ہیں، وہ معاملات جو مالی اخراجات کی تقسیم سے متعلق ہیں، جو وفاق،صوبوں یا دونوں نے بین الصوبائی نوعیت کے امور پر کیے ہیں یا کرنے ہیں، قومی منصوبوں کے مالی اخراجات سے متعلق امور، جنہیں وفاق اور صوبوں کے درمیان مشترکہ طور پر بانٹا جانا ہے اور کوئی بھی دوسرا مالیاتی معاملہ جو صدرِ پاکستان کی جانب سے کمیشن کو بھیجا جائے، شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فنانس ڈویژن، رولز آف بزنس 1973 کے تحت کمیشن کو سیکرٹریٹ معاونت فراہم کرے گا۔