قومی ٹیم سے ڈراپ بابر اعظم نے بیٹنگ پریکٹس کا آغاز کردیا

بابر ایک بار پھر قومی ٹی 20 سکواڈ میں شامل نہیں کیے گئے ، ان کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی اے سے بی کیٹیگری کردیا گیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 اگست 2025 11:39

قومی ٹیم سے ڈراپ بابر اعظم نے بیٹنگ پریکٹس کا آغاز کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اگست 2025ء ) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے لاہور کے مقامی انسٹیٹیوٹ میں بیٹنگ پریکٹس کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے نوجوان کرکٹرز کے ساتھ بیٹنگ پریکٹس کی، ان کا مقامی انسٹیٹیوٹ کے ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ بابر ایک بار پھر قومی ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں کیے گئے ہیں جبکہ ان کا سینٹرل کنٹریکٹس بھی اے سے بی کٹییگری کردیا گیا ہے۔

 
دوسری جانب راشد لطیف نے بابر اعظم اور محمد رضوان کے ایشیا کپ اسکواڈ سے اخراج کو اندرونی سیاست کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ 
اگلے ماہ یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں پاکستان کے سابق کپتان اور ریکارڈ ساز بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کیا گیا ہے، جس پر مختلف حلقے تعجب کا اظہار اور سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

 
اب پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور بے لاگ اپنا موقف پیش کرنے والے راشد لطیف بھی اس پر بول پڑے ہیں۔ 
راشد لطیف نے خلیج ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے ٹیم سے اخراج کو اندرونی سیاست کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کی حالیہ کارکردگی میں کمی ضرور آئی ہے، لیکن انہیں صرف کرکٹنگ وجوہات نہیں بلکہ سیاست کی بنا پر ایشیا کپ کے اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے۔

 
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے۔ ایسے وقت میں بابر اور رضوان جیسے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ ہمارے پاس کوئی ڈان بریڈ مین جیسا بلے باز تو ہے نہیں۔ 
راشد لطیف نے ایک بار پھر اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں جاری کھینچا تانی اور باہمی سیاست نے ملک کے دو بہترین کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر نقصان پہنچایا، جس نے ان کی کارکردگی کا گراف بھی گرایا۔ 
انہوں نے بابر اعظم کے سٹرائیک ریٹ پر سوال اٹھانا بھی ناانصافی ہے کیونکہ کرکٹ میں محض اسٹرائیک ریٹ سب کچھ نہیں ہوتا، کھیل کی سمجھ سب سے اہم ہے۔