ستلج میں سیلاب، درجنوں دیہات زیر آب، فصلیں تباہ، نقل مکانی کے اعلانات

قصور کے ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 21.30 فٹ اور بہاؤ ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ ‘اونچے درجے کا سیلاب

ہفتہ 23 اگست 2025 14:17

قصور، بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ملحقہ اضلاع میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی، درجنوں دیہات زیر آب آ چکے ہیں جبکہ ایک نوجوان بھی دریا میں گر گیا۔بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کی سطح میں اضافے کے باعث پاکستانی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

فلڈ وارننگ سینٹر کے مطابق گنڈا سنگھ والا پر درمیانے درجے کے سیلاب کے پیش نظر قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن میں دریا کے کنارے قائم آبادیوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔قصور کے ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 21.30 فٹ اور بہاؤ ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، اونچے درجے کے سیلاب سے 72 دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے بتایا کہ ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ چکی ہے، نگر ایمن پورہ، مبوکی، بستی ابرہیم، ماہی والا، فتی والا سمیت 30 سے زائد دیہات کا زمینی راستہ منقطع ہو چکا ہے۔ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ علاقوں سے انخلا کے لیے مساجد میں اعلانات کرائے جا رہے ہیں، لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کے لیے انخلا ہو گا، دریا کے پار جانے پر پابندی ہو گی۔

دریائے ستلج میں بونگہ احسان کے قریب نوجوان دریا میں گر کر ڈوب گیا، نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، موضع سنتیکا، عاکوکا اور بھوریکا کے مقام سے چھوٹے حفاظتی بند ٹوٹ گئے، پانی فصلوں میں داخل ہو گیا، متعدد آبادیاں زیر آب آ چکی ہیں جبکہ دریائی پٹی سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے اور علاقہ مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، لوگوں کو مال مویشیوں سمیت دریائی علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی، سیکڑوں ایکڑ اراضی ڈوب چکی ہے۔دریائے ستلج میں بابا فرید پل پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی، ستلج کے اطراف میں آباد لوگوں کو فوری نقل مکانی کی ہدایت کر دی گئی، متاثرہ افراد کیلئے 6 ریسکیو ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزیدمون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، مون سون بارشوں کا 8 واں اسپیل 27 اگست تک جاری رہے گا۔