جیکب آباد ، نئے ضلعی انفارمیشن سیکریٹری کی تقرری پر پیپلزپارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے

ہفتہ 23 اگست 2025 18:06

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)جیکب آباد ، نئے ضلعی انفارمیشن سیکریٹری کی تقرری پر پیپلزپارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، فیصلے کے خلاف سینئر ورکرز نے احتجاج کی دھمکی دیدی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی جیکب آباد میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں جہانگیر کھوسو کو ضلعی انفارمیشن سیکریٹری مقرر کرنے کے فیصلے پر جیکب آباد اور ٹھل کے سینئر ورکروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فیصلے کو مسترد کردیا ہے، پیپلز پارٹی کے سینئر ورکروں علی خان گلوانی، دیدار جکھرانی سمیت دیگر سینئر ورکرز نے جہانگیر کھوسو کو ضلعی انفارمیشن سیکریٹری مقرر کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں سینئر ورکرز کو نظر انداز کرکے عہدے ایسے لوگوں کو دئیے گئے ہیں جن کی پارٹی کے لیے کوئی قربانی نہیں، انہوں نے کہا کہ جہانگیر کھوسو گزشتہ پانچ سال سے حیدرآباد منتقل ہوچکے ہیں اور ان کا جیکب آباد کی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں رہا ایسے شخص کو اہم عہدہ دینا کارکنوں کے ساتھ ناانصافی ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح کے اہم عہدے ہمیشہ سینئر اور سرگرم کارکنوں کو ملنے چاہئیں غیر متعلقہ افراد کو نوازنے کے فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا علی خان گلوانی نے اعلان کیا کہ ایسے غلط فیصلوں کے خلاف کارکنان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مزار پر احتجاج کریں گے ادھر پارٹی حلقوں میں اس فیصلے پر سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور اختلافات مزید شدت اختیار کرسکتے ہیں۔