Live Updates

مسلط حکمرانوں کا ایجنڈا پاکستان کو استعماری قوتوں کا آلہ کار بنانا ہی: جاوید قصوری

ہفتہ 23 اگست 2025 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ''عقیدہ جماعت اسلامی'' کے موضوع پر مرکزی تربیت گاہ برائے حلقہ لاہور کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ نے کلمہ طیبہ کو بنیادی عقیدہ قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی ، ہماری ساری جدوجہد کا محور و مرکز صرف اور صرف اس زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کی خاطر اپنی تمام تر توانائیاںلگانے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے خود کو تیار کرنا ہے ۔

اللہ کا خوف بندہ مومن کو اللہ کے راستے میں شجاعت والا اور بہادری والا بنادیتا ہے ۔ اس موقع پر امیرحلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری، قیم ضلع لاہور اظہر بلال، امیر جنوبی لاہور مرزا عبدالرشید، مرکزی ناظم شعبہ دعوت و تربیت حافظ سیف الرحمٰن و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نفس کے بجائے اللہ کی مرضی کاغلام بننا ہو گا ، ہماری جان و مال صر ف اللہ کا دیا ہوا ہے اس لئے اللہ کے دین کے غلبے کے لئے سعی کرنا ، وقت دینا اور اپنا مال خرچ کرنا ثواب کا کام ہے اور اس کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے ۔

اللہ تعالیٰ کی رضا اور اس کے قرب کو زندگی کا محور بنا کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔جماعت اسلامی پاکستان میں نظام مصطفی کیلئے سرگرم ہے ۔ ہم حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم پر جو حکمران مسلط ہیں ان کا ایجنڈا پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا نہیں بلکہ استعماری قوتوں کا آلہ کار بنانا ہے ، لوٹ مار کرنااور اپنی تجوریوں کو بھرنا ہے ۔

پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا اس لئے یہاں اللہ اور اس کے رسولﷺ کا نظام زندگی ہی رائج کیا جانا چاہئے ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا ہے کہ چند دنوں میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 300روپے جبکہ چکی کے آٹے کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے ،تھیلے کی قیمت 1300سے بڑھ کر 1700ہو گئی ہے۔ فلور ملز اپنی مرضی کی قیمتیں مقر ر کر رہی ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ ایک طرف حکمران معیشت کی بحالی اور مہنگائی کو کم کرنے کے دعوے کر رہے ہیں مگر اصل میں حقائق مختلف ہیں ، عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔موجودہ حکمران نا اہلوں کا ٹولہ ہے جو ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکا ہے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات