بابا بلھے شاہ ؒ نے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر رواداری، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام دیا ہے،سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخان

ہفتہ 23 اگست 2025 21:44

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخان نے کہاہے کہ برصغیر پاک وہندکے عظیم صوفی شاعرحضرت سید بابا بلھے شاہؒ جیسی ہستیوں کے در پہ حاضری نصیب کی بات ہے، بابا بلھے شاہ سے مسلمانوں کیساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی عقیدت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مجلس بلھے شاہ قصورکے زیراہتمام مقامی میرج ہال میں ”بلھے شاہ کانفرنس“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ملک محمداحمدخان نے کہاکہ اولیا ء کا فیضان ہے کہ پاکستان میں سانس لے رہے ہیں،اولیا ء اللہ کے مزارات سے روحانی و قلبی سکون ملتا ہے‘ بابا بلھے شاہ ؒ نے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر رواداری، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام دیا ہے‘بابابلھے شاہؒ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے‘باباجی کی شاعری کو پوری دنیامیں سنا اورپڑھاجاتاہے‘باباجی کے مزارشریف پر آنیوالاہرفرد ہمارامہمان ہے‘حضرت سیدبابابلھے شاہ ؒ کا پیغام آج تک ہم پھیلا نہیں سکے‘بلھے شاہ کی شاعری ہر حوالے سے ہر طبقہ فکر کی نمائندگی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ملک محمداحمدخان نے کہا کہ ضلع قصور67فیصدیوتھ پرمشتمل ہے جس میں سے 13فیصد صرف لاہورجاکر تعلیم حاصل کرتے ہیں‘بابا بلھے شاہ ؒ یونیورسٹی کے لئے میں وعدہ کرتا ہوں آئندہ اسمبلی کے اجلاس میں منظور ہو گا۔سپیکرپنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پنجابی زبان میں بات کرنا قانون کے خلاف تھا‘میں نے پنجاب اسمبلی میں پنجابی زبان میں بات کرنے کا حق بحال کیا‘پنجابی زبان کی اپنی الگ حیثیت ہے جسے پرائمری کی سطح پر نافذ کروائیں گے۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیرقمرزمان کائرہ‘سابق ایم این اے چوہدری منظوراحمد‘چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب حاجی نعیم صفدرانصاری‘مجلس بلھے شاہ قصور کے عہدیداران وعوام کی کثیرتعدادبھی تھی۔